Blog

نئے سال کے پہلے ماہ جنوری میں اپنائی جانے والی کچھ بہترین عادات

سال بھر مصروفیات اور تھکا دینے والے دن رات، روز مرہ بھاگ دوڑ اور کام کی جلدی۔ یہ وہ حالات ہیں جو ہر نارمل انسان کو ذہنی اور جسمانی طور پر بہت پیچھے دھکیل دیتے ہیں۔ بیشتر لوگ ایسے ہیں جو اپنے لیے ملنے والا وقت بھی دوسروں کے لیے صَرف کر دیتے ہیں۔ تاہم جب بھی نئے سال کی آمد ہوتی ہے۔ ہر انسان کے دل میں کم یا زیادہ اپنی زندگی کو نئے طریقے سے شروع کرنے کی امنگ جاگتی ہے۔ علاوہ ازیں، کچھ افراد اپنی صحت، صلاحیتوں اور خوشیوں کے حصول میں سنجیدگی سے سوچنے لگتے ہیں۔ نیا سال آتے ہی سال بھر کے لیے وہ عادات اپنائی جا سکتی ہیں۔ جو ذہن و دل میں ایک تازہ روح پھونک دیں۔ لہٰذا، ذاتی اور پیشہ ورانہ زندگی کے مقاصد حاصل کرنے کے لیے جنوری میں اپنائی جانے والی کچھ بہترین عادات ہمیں بدل سکتی ہیں۔

 

بہترین عادت، نیند کی کمی سے بچاؤ

سال کے پہلے مہینے جنوری میں صحت مند زندگی اپنانے کا ارادہ نیند کی کمی کے ساتھ پورا نہیں ہو سکتا۔ 

ڈیجیٹل دور میں موبائل، لیپ ٹاپ اور دیگر گیجٹس کا استعمال ہمیں دنیا سے قریب تر لیکن اپنی صحت سے دن بہ دن دور کر رہا ہے۔ جس کے نتیجے میں وقت سے پہلے نظر کی کمزوری، ذہنی سکون اور نیند کی کمی جیسے مسائل میں اضافہ ہوتا ہے۔ مزید یہ کہ نیند کی کمی صحت کے بےشمار مسائل پیدا کرتی ہے۔ مثال کے طور پر، چڑچڑاپن، موٹاپا، ذیابطیس، سر درد اور دل کی بیماریوں میں اضافے کا باعث بننے کے ساتھ ساتھ  نیند کی کمی دن کا سکون اور رات کا چین بھی چھین لیتی ہے۔ لہٰذا، سال کے آغاز میں اپنی نیند پوری کرنے کی عادت اپنائیں۔ بستر میں لیٹنے کے بعد موبائل کا قطعی استعمال نہ کریں۔ 

جنوری میں ورزش کی عادت اپنائیں

اگرچہ گزشتہ برس کے دوران آپ کا وزن بڑھ گیا ہو یا کم ہوا ہو۔ تاہم ورزش ایک ایسا عمل ہے جو آپ کو نہ صرف جسمانی بلکہ ذہنی طور پر پر بھی فِٹ رکھتی ہے۔ عموماً ورزش کے آغاز سے قبل آپ وقت نکالنے یا جِم جانے جیسی الجھنوں کا شکار ہو سکتے ہیں۔ لیکن یہ وہ واحد عمل ہے جو آپ میں مثبت تبدیلی لا سکتا ہے۔ اور سال بھر آپ صحت اور تازگی محسوس کر سکتے ہیں۔ ورزش کے باعث متعدد بیماریوں سے چھٹکارا مل سکتا ہے۔ علاوہ ازیں، منفی سوچ آپ سے دور ہو سکتی ہے۔ لہٰذا، جس طرح آپ ہر ضروری کام کے لیے وقت نکالتے ہیں۔ اسی طرح ورزش کو انتہائی ضروری سمجھ کر اپنائیں۔ مزید یہ کہ جِم جانا مشکل ہے تو آپ قریبی پارک یا گھر میں بھی ورزش کر سکتے ہیں۔  

 

تازہ پھل اور سبزیاں، معمول کی عادت بنائیں

کیسا ہو اگر آپ جَنک فوڈ کا لفافہ کھولیں اور اندر سے بہت سی دوائیں اور گولیاں نکلیں۔ کیا آپ کھائیں گے؟ یقیناً نہیں کھائیں گے۔ بظاہر برگر، بریانی اور کولڈ ڈرنک دیکھنے میں دلکش اور کھانے میں لذیذ ہوتے ہیں۔ لیکن یہی وہ سب ہے جو آخر کار آپ کو دواؤں کی طرف لے جاتا ہے۔ مزید براں، سال بھر جب آپ باہر کے مرچ مصالحے اور مرغن غذائیں نوش فرمائیں گے تو صحت سے متعلق اچھے نتائج کی امید رکھنا بھی اچھا نہیں۔ اس سال تازہ پھلوں اور سبزیوں سے اپنی صحت بہتر بنائیں۔ روزانہ کھانے کے ساتھ تازہ سلاد اور کھانے کے بعد تازہ موسمی پھل ضرور کھائیں۔ وٹامن، آئرن، معدنیات اور دیگر فوائد پر مشتمل قدرتی اشیاء کا استعمال بلاشبہ صحت کا ضامن ہوتا ہے۔ علاوہ ازیں، آپ مختلف بیماریوں سے بچتے ہیں۔

 

زیادہ سے زیادہ پانی پینے کی عادت

سردی اپنے عروج پر ہو اور گرما گرم چائے سے زیادہ لذیذ کچھ نہ لگتا ہو۔ کافی، سوپ اور دیگر گرم مشروبات کے آگے پانی کی طلب ہی نہ ہو۔ تو کیا کِیا جائے۔ اچھی صحت کے لیے ضروری ہے کہ سخت سردی کے مہینے میں پیاس لگنے کا انتظار نہ کیا جائے۔ پانی جسم کے لیے اتنا ہی ضروری ہے جتنا زندہ رہنے کے لیے سانس۔ اگر یہاں پانی کے فوائد پر لکھا جائے تو بے شمار الفاظ اپنی جگہ مانگنے لگیں گے۔ مثال کے طور پر سردی میں پانی کم پینے سے مختلف طبی امراض اور پیچیدگیوں کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ علاوہ ازیں، سردی میں نیم گرم پانی پینے سے وزن میں کمی، جسم کا درد، خون کی گردش، اور جِلد کی متعدد بیماریوں سے بچاؤ ممکن ہوتا ہے۔

 

 

نئے سال کی شروعات میں مندرجہ بالا عادات اپنانے سے آپ یقیناً ایک صحت مند زندگی کا آغاز کر سکتے ہیں۔ تاہم یہ عادات مستقل مجازی کے ستھ اپنائی جانا بے حد ضروری ہے۔ اگر آپ ان عادات کے عادی ہو جاتے ہیں تو مختلف ذہنی اور جسمانی بیماریوں سے نہ صرف دور رہیں گے۔ بلکہ دن بھر کی مصروفیت اور کام کی زیادتی آپ پر بھاری نہیں پڑے گی۔ یہ سال 2024 کا آغاز ہے۔ آپ ان عادات کو اپنا کر بہترین زندگی کی جانب قدم بڑھا سکتے ہیں۔ اور ذہنی صحت، صلاحیتوں اور خوشیوں بھری زندگی کا آغاز کر سکتے ہیں۔  

Compare listings

Compare